مصر میں پولیس اہلکار نے تیسری منزل سے گرنے والے بچے کو ’کیچ‘ کرلیا
قاہرہ:(ملت آن لائن) مصری پولیس اہلکار نے تیسری منزل سے گرنے والے 5 سالہ بچے کو کیچ کرکے اس کی جان بچالی۔ مصر کے شہر قاہرہ میں واقع ایک عمارت کی تیسری منزل سے گرنے والے بچے کو پولیس اہلکار نے کیچ کرکے اس کی جان بچا لی۔ واقعے کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے میں عکس بند ہونے کے بعد وائرل ہوئی تو مصر کی وزارت داخلہ نے پولیس اہلکار کی بروقت کارروائی اور بچے کی جان بچانے کو قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ مصری وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایسوط میں پولیس اہلکاروں کمیل فتحی جید، حسین سید علی اور صبری محروس علی نے عمارت کی تیسری منزل کی بالکونی پر 5 سالہ بچے کو دیوار کے سہارے خود کو گرنے سے بچنے کی کوشش کرتے دیکھا۔ صورتحال کو دیکھ کر تینوں اہلکار بچے کی جان بچانے کے لیے مستعد ہوگئے بچہ اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور زمین کی جانب آگرا جس پر ایک پولیس اہلکار کمیل فتحی جید نے بچے کو کمال مہارت کے ساتھ دبوچ لیا اور بچے کی جان بچ گئی تاہم اس دوران اہلکار بری طرح زخمی بھی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔