خبرنامہ

مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے فلسطینی نابالغ شہید

مقبوضہ بیت المقدس(ملت + آئی این پی)اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس میں مغربی کنارے کے علاقے میں فائرنگ کرکے ایک فلسطینی نابالغ لڑکے کو شہید کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی ہیلتھ منسٹر نے اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینی کی شناخت 15 سالہ خالد باہار کے نام سے کی ہے، جس کا تعلق مغربی کنارے کے جنوبی شہر ہیبرون کے علاقے بیت عمر سے بتایا گیا تھا۔ادھر اسرائیلی فورسز کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘مذکورہ شخص فوجیوں پر راکٹ فائر کررہا تھا جس کو روکنے کیلئے پہلے ہوائی فائرنگ کی گئی بعد ازاں وہ گولی لگنے سیشہید ہوگیا۔ان کامزید کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ اسرائیلی حکام کی جانب سے اس قسم کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں کہ فوجی اہلکار نے چاقو بردار فلسطینی حملہ آور کو فائرنگ کرکے شہید کیا لیکن فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے جن نہتے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا ہے وہ مسلح نہیں تھے۔یاد رہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے سال 2014 سے جاری تنازع میں اب تک 223 نہتے فلسطینی شہریوں کو شہید کردیا ہے جن میں بیشتر نہتی خواتین اور معصول بچے تھے۔اس کے علاوہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے نہتے فلسطینیوں کی تعداد سیکڑوں میں پہنچ چکی ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے یہ دعوی بھی سامنے آیا ہے کہ اس دوران 2 غیر ملکی سیاحوں سمیت ان کے 35 اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے جبکہ 140 اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات بھی ہیں۔