خبرنامہ

ملائیشیا میں سیل کا اعلان ہوتے ہی شاپنگ مال میں لوگوں کا سمندر امڈ آیا

ملائیشیا میں سیل کا اعلان ہوتے ہی شاپنگ مال میں لوگوں کا سمندر امڈ آیا

کوالالمپور:(ملت آن لائن) ملائیشیا میں سیل کا اعلان ہوتے ہی شاپنگ مال میں لوگوں کا سیلاب امڈ آیا ، صورتحال دیکھتے ہوئے کمپنی نے فوری طور پر فیصلہ لیتے ہوئے سیل ملتوی کردی اور تمام خریداروں سے معذرت کرلی۔ تفصیلات کے مطابق کوالا لمپور کے مائے ٹان شاپنگ مال کے ایک اسٹور سوئچ نے 200 ایپل گیجٹس پر سیل لگائی جس میں آئی فون 5 ایس کی قیمت 50 ڈالر یعنی تقریبا ساڑھے 5 ہزار پاکستانی روپے ، 64 جی بی میک بک 128 ڈالر یعنی 14 ہزار روپے اور ایسے ہی دیگر گیجٹس شامل تھیں۔ کمپنی نے 200 گیجٹس پر جب سیل کا اعلان کرتے ہوئے امید کی کہ ممکنہ طور پر تقریبا 300 افراد سیل میں دوڑے چلے آئیں گے لیکن وہاں اعلان ہوتے ہی لوگوں کا سیلاب امڈ آیا۔ خریداروں کا یہ حال تھا کہ نا صرف دکان کے باہر طویل قطاریں تھیں بلکہ بالائی منزل سے لے کر پارکنگ کے راستے تک خریداروں کا ہجوم تھا۔ شاپنگ مال میں خریداروں کو کنٹرول کرنے کی انتھک کوشش کی گئی لیکن جیسے ہی اسٹور کا دروازہ کھول کر چند خریداروں کو داخل کیا تو سب ہی دکان میں ٹوٹ پڑے۔ایسی صورت حال میں کمپنی نے فوری طور پر فیصلہ لیتے ہوئے سیل ملتوی کردی اور تمام خریداروں سے معذرت کی۔ سیل کے دوران کی دھکم پیل کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔