ریاض ۔ (ملت آن لائن) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کو دستی مکتوب ارسال کیا۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ایوان شاہی کے مشیر شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیزنےگزشتہ روز مہاتیر محمد سے ملاقات کر کے شاہی مکتوب اور شاہ سلمان و ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر انہوں نے سعودی عرب اورملائیشیا کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ شہزادہ ترکی نے یہ بھی واضح کیا کہ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان مشترکہ مفادات اور دونوں ملکوں نیز ان کے عوام کے وسیع تر مفاد میں تمام شعبوں میں تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر ملائیشیا کے وزیرخارجہ سیف الدین عبداللہ دفتر خارجہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل انوشیروان زین العابدین ، ملائیشیا میں سعودی سفیر محمود قطان بھی موجود تھے۔