خبرنامہ

ملک میں بدامنی پھیلانے کیلئے ایراناخوان المسلمون کو اسلحہ فراہم کررہا ہے

قاہرہ (ملت آن لائن + آئی این پی) مصرکی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں بدامنی پھیلانے اور امن وامان کو تباہ کرنے کے لیے ایران کالعدم مذہبی جماعت اخوان المسلمون کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کررہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصری وزارت خارجہ کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے تفتیش کیدوران اخوان المسلمون کے ماتحت ایک غیرمعمولی مسلح دہشت گرد سیل کا پتا چلایا ہے جو ملک کے کئی شہروں میں منظم انداز میں سرگرم ہے۔ البحیرہ اور اسکندریہ شہروں میں اس خفیہ سیل نے دو فارم ہاس میں بڑے پیمانے پر اسلحہ اور گولہ بارود بھی چھپا رکھا تھا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ اسلحہ اور گولہ بارود ایران کی طرف سے فراہم کیا گیا ہے جس پر فارسی زبان میں ایرانی ساختہ لکھا گیا ہے۔مصری وزارت داخلہ کے مطابق قبضے میں لیے گئے دھماکہ خیز مواد میں سی ڈی رکس نامی انتہائی خطرناک بارود بھی شامل ہے جسے بموں، بارودی سرنگوں اور دیگر تباہ کن دھماکوں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ دستی بم اور دیگر تیار شدہ اسلحہ بھی ملا ہے جس پر فارسی میں عبارتیں لکھی گئی ہیں۔مصری وزارت داخلہ کیایک ذریعے نے بتایا کہ ملک کے مختلف شہروں سے پکڑا گیا اسلحہ اور بارود اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ ایران اور اخوان المسلمون کے درمیان گہرے مراسم ہیں اور وہ مل کر مصر کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔حکومتی ذریعے کا کہنا ہے کہ ایران اخوان کو نہ صرف اسلحہ فراہم کررہا ہے بلکہ اپنے مذموم مقاصد اور دہشت گردی کے لیے اخوانی دہشت گردوں کو رقوم بھی فراہم کرتا ہے تاکہ وہ ریاست کو زیادہ سیزیادہ نقصان پہنچا سکیں۔