خبرنامہ

موصل آپریشن میں ترکی کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی،عراقی وزیراعظم

بغداد ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ایک بار پھرکہا ہے کہ موصل آپریشن میں ترکی کو شرکت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے شمالی صوبے نینوا کے صدر مقام موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے ترک فوجیوں کی شرکت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ موصل آپریشن میں ترکی کی شرکت سے متعلق انقرہ سے کوئی درخواست نہیں کی گئی ہے۔ حیدر العبادی نے کہا کہ عراقی عوام اپنے بل بوتے پر موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ موصل میں تنہا عراقی فوج اور عوام دہشت گردوں کے خلاف بر سرپیکار ہیں اور موصل کو آزاد کرانے کی کارروائی میں کسی بھی غیر ملکی فوج کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔