خبرنامہ

موصل میں جامع الکبیر اور دجلہ کے پْلوں پرعراقی فوج کا کنٹرول

بغداد: (ملت+اے پی پی) عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی شہر موصل میں داعش کے خلاف تازہ پیش قدمی میں شہر کی ایک بڑی جامع مسجد اور دریائے دجلہ کے پلوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق انسداد دہشت گردی فورسز کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے موصل میں داعش کے خلاف تازہ لڑائی کے دوران دریائے دجلہ پربنے پانچ پلوں کا کنٹرول حاصل کیا ہے جس کے بعد شہر کے مشرقی حصے کا کنٹرول عراقی فوج کے ہاتھ میں آگیا ہے۔ اس کے بعد فوج مغربی موصل کی طرف پیش قدمی کی تیاری کررہی ہے۔عراقی حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے داعش کے خلاف جنگ کے دوران مشرقی موصل میں انجینیرنگ، کلچرل، کیبنٹ کالونی اور جامع موصل کے مد مقابل کئی اہم کالونیوں کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ النبی یونس، الجزائر کالونی، النعمانیہ، العطشانہ، السویس اور بائیں ساحلی پٹی کے علاقوں سنحاریب، الزراعہ اور جامع مسجد الکبیر جسے جامع صدام کے نام سے بھی یاد کیا جاتا کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔