خبرنامہ

موصل میں داعش نے عراقی پولیس کے کرنل سمیت 9 افسر پکڑ لیے

بغداد (ملت + آئی این پی) عراق کے شمالی شہر موصل کے مغربی حصے میں داعش کے جنگجوں نے لڑائی کے دوران پولیس کے ایک کرنل سمیت 9 افسروں کو پکڑ لیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق کی وزارت داخلہ کے ایک عہدہ دار نے بتایا ہے کہ پیر کو علی الصباح موصل کے مغربی علاقے باب الجدید میں داعش کے خلاف لڑائی میں شریک افسروں سے اسلحہ ختم ہوگیا تھا اور داعش کے جنگجو انھیں پکڑ کر ساتھ لے گئے ہیں۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا تھا کہ انھیں کہاں لے جایا گیا ہے۔عراق کی سکیورٹی فورسز موصل کے مشرقی حصے پر قبضے کے بعد اب داعش سے مغربی حصے کو آزاد کرانے کے لیے لڑرہی ہیں۔ تاہم دریائے دجلہ کے مغربی کنارے میں واقع یہ علاقہ گنجان آباد ہونے کی وجہ سے عراقی فورسز سست روی سے آگے بڑھ رہی ہیں جبکہ داعش کے جنگجو ان کی سخت مزاحمت کررہے ہیں۔