خبرنامہ

موصل کی مکمل ناکہ بندی

موصل: (ملت+اے پی پی) عراقی فوج اور اس کی اتحادی عسکری تنظیموں نے شدت پسند گروپ داعش کے زیرتسلط موصل شہر کا محاصرہ مزید سخت کردیا ہے۔ موصل میں داعش کے مضبوط گڑھ کی طرف فورسز کی پیش قدمی جاری ہے۔ دوسری جانب موصل شہر کو اطراف کے تمام شہروں سے الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق عراقی حکام کا کہنا ہے کہ 17 اکتوبر سے جاری آپریشن میں عراقی فوج نے موصل کے شمال، مشرق اور جنوب کے محاذوں پر پہلے سے گھیرا تنگ کرکے باغیوں کی شہر سے باہر آمد ورفت مسدود کردی تھی۔جمعرات کے روز شہر کی مغربی سمت میں واقع تل عفر شہر پر الحشد الشعبی نے قبضہ کرکے باغیوں کا آخری سپلائی روٹ بھی بند کردیا ہے۔عراقی حکام کا کہنا ہے کہ الحشد الشعبی کے جنگجوؤں نے جمعرات کو موصل کو تل عفر اور سنجار شہر کو ملانے والی شاہراؤں پر قبضہ کرلیا۔ اس طرح موصل کی مغرب کی سمت میں ایک طرف کرد فورسز ہیں اور دوسری طرف سے شیعہ ملیشیا نے گھیرا تنگ کردیا ہے۔