برازیل کا شہر ریو ڈی جنیرو اپنے جادوئی ساحلوں، پکوانوں اور رات کی زندگی کی باعث جانا جاتا ہے مگر وہاں ایک مقام ایسا ہے جہاں ہر سیاح جانا اور تصویر کھچوانا پسند کرتا ہے تاکہ اپنے دوستوں کے رونگھٹے کھڑے کرسکے۔
یہ ایک پہاڑی پیڈا ڈو ٹیلیگرافو ہے، جہاں سے سمندر اور شہر کا دلکش نظارہ کیا جاسکتا ہے۔
اور وہاں سیاح ایسی تصاویر کھچواتے ہیں کہ لگتا ہے کہ وہ اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر یہ کام کررہے ہیں۔
مگر حقیقت میں، وہ اس پہاڑی کے کونے پر کھڑے ہوتے ہیں، تو زمین سے بلندی محض بمشکل 3 میٹر ہوستی ہے۔
تاہم اگر تصویر کا فریم اگر درست ہو تو آپ نیچے بہت دور سمندر کو دیکھ سکتے ہیں اور لگتا ہے کہ سیکڑوں فٹ بلندی پر زندگی داﺅ پر لگا کر تصویر کھچوا رہے ہیں۔
اس سے نظروں کو ایسا دھوکا ملتا ہے کہ جیسے کوئی فرد اتنی بلندی سے نیچے گرنے والا ہے۔
ویسے ریو ڈی جنیرو میں 2762 فٹ بلند ایک پہاڑی پیڈرا دی گیوا بھی موجود ہے جہاں تصویر کھچوانا واقعی حوصلے کو آزمانے کے مترادف ہے۔
ویسے تو اس پہاڑی پر چڑھنا بھی کافی ہمت کا کام ہے یعنی تین گھنٹے تو اوپر پہنچنے میں لگ جاتے ہیں اور اس کے لیے جسمانی فٹنس بہت ضروری ہے۔