خبرنامہ

پلک جھپکا کر برقی آلات کنٹرول کرنے والی عینک

بیجنگ(ملت آن لائن)سائنسدانوں نے ایک ایسی اسمارٹ عینک تیار کی ہے جسے پہن کر کوئی بھی شخص پلک جھپکاتے ہوئے برقی آلات کو کنٹرول کر سکتا ہے۔

ماہرین نے ایک سینسر بنایا ہے جسے ٹرائبو الیکٹرک جنریٹر کہتے ہیں اور یہ ایک سادہ چشمے میں فٹ ہو جاتا ہے۔ اس خاص عینک کو پہن کر پلک جھپکائیں اور لائٹس بند کر دیں جبکہ یہ عینک معذور افراد کے آنکھوں کے اشارے سے خاص میسج بھی بھیج سکتی ہے۔

پولیمر (ربڑ کی طرح کا ایک خاص قسم کا مادہ) کی سطحوں اور دھات کی کوٹنگ پر مشتمل یہ سینسر آنکھ میچنے اور بند کرنے کی حرکات کو نوٹ کرکے ایک سگنل خارج کرتا ہے۔ اگر آپ عینک پہن کر لگاتار تین مرتبہ پلکیں جھپکائیں گے تو اسکرین کے الفاظ منتخب ہو جاتے ہیں اور کمپیوٹر پر لکھا آپ کا پیغام دوسروں تک پہنچ جاتا ہے۔ اسی طرح اس چشمے سے پلک چھپکا کر اسمارٹ فون کھولنے اور بند کرنے جیسے لاتعداد کام بھی کیے جاسکتے ہیں۔
Advertisement

اس خاص عینک کو چین میں جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور چینی اکادمی برائے سائنسز کے ماہرین نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ اس ٹیم کے مرکزی سائنسداں زونگ لنگ وینگ ہیں جنہوں نے پہلا سینسر 2013 میں تیار کر لیا تھا۔

البتہ ہم غیرشعوری طور پر پلکیں جھپکاتے ہیں جس کی وجہ سے بلا ضرورت بھی روشنیاں اور دیگر برقی آلات آن یا آف ہو سکتے ہیں؛ لیکن وینگ کہتے ہیں کہ آپ اس کی سیٹنگ کر سکتے ہیں یعنی پوری قوت سے پلک جھپکانے پر ہی سوئچ آن یا آف ہو جس سے اس مسئلے کا حل مل سکتا ہے۔

اس کامیابی کے بعد ماہرین اس کے مزید استعمال پر غور کر رہے ہیں جس سے ڈاکٹر کسی مریض کے پٹھوں اور عضلات پر 24 گھنٹے نظر رکھ سکیں اور یہ سینسر وہاں کی مستقل خبر پہنچا سکے۔ اس کے علاوہ یہ نظام روبوٹس اور دیگر مشینوں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔