جنوبی امریکی ملک پیراگوئے میں ایک فیملی کی اس وقت حیرت کی انتہا نہ رہی جب ان کے 20 سالہ بیٹے نے اپنے ہی جنازے میں اچانک شرکت کی۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 سالہ نوجوان جان ریمن الفونسو پینایو گزشتہ کئی روز سے لاپتہ تھا جو کسی کام سے پڑوسی ملک میکسیکو کی سرحد کے قریب گیا اور واپس نہ آیا۔
جس علاقے میں پینایو رہتا تھا وہ منشیات فروشوں کی آماجگاہ ہے اور لوگوں کا لاپتہ ہوجانا وہاں عام تھا، بیٹے کے واپس نہ آنے پر پینایو کے والدین نے سمجھ لیا کہ ان کا بیٹا یا تو کسی گروہ کے ہاتھوں مارا گیا ہے یا وہ کسی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
والدین کا خیال اس وقت حقیقت میں بدل گیا جب پولیس نے کئی روز بعد سوختہ لاش (جھلسی ہوئی) ان کے حوالے کی اور بتایا کہ یہ پینایو کی لاش ہے جس کے بعد والدین نے بیٹے کی آخری رسومات کی تیاریاں شروع کیں۔
20 سالہ نوجوان کی آخری رسومات کی ادائیگی میں اس کے رشتہ داروں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پینایو نے اپنی آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران عین اس وقت انٹری دی جب اس کے عزیز آدھی رسومات کی ادائیگی کرچکے تھے۔
بیٹے کو زندہ اور صحیح حالت میں دیکھ کر والدین جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور رشتہ دار و اہل علاقہ بھی حیرت زدہ رہ گئے۔
دوسری جانب اس لاش کی شناخت اب تک نہ ہوسکی جسے 20 سالہ پینایو سمجھ کر پولیس نے پینایو کے والدین کے حوالے کی تھی، پولیس نے لاش کی شناخت کے لیے کوششیں تیز کردیں۔