خبرنامہ

پینٹاگون کا موصل میں داعش کے قتل عام کی تصاویر اور وڈیو جاری کرنے کا اعلان

واشنگٹن (ملت آن لائن + آئی این پی) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ وہ موصل شہر میں ایک عمارت کے اندر داعش تنظیم کے ہاتھوں شہریوں کی ایک بڑی تعداد ہلاک کیے جانے کے واقعے سے متعلق تصاویر اور وڈیو ریکارڈنگ جاری کرے گا۔ یہ واقعہ “موصل کے قتلِ عام” کے نام سے جانا جاتا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وہ جن ریکارڈنگز کو جاری کرنے کا اردہ رکھتی ہے ان میں داعش تنظیم کے عناصر موصل شہر کی ایک عمارت میں شہریوں کو بھرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جس کے بعد ان شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی۔پینٹاگون کا یہ اعلان بین الاقوامی اتحاد پر لگنے والے اس الزام کے جواب میں سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بین الاقوامی اتحاد موصل کے مغرب میں ایک فضائی حملے کے ذریعے درجنوں شہریوں کی ہلاکت میں ملوث ہے۔ واشنگٹن نے کچھ عرصہ قبل رواں ماہ سترہ مارچ کو ہونے والے دھماکے میں ممکنہ طور پر بین الاقوامی اتحاد کے کردار پر بات کی تھی۔مبصرین کے مطابق عام طور پر پینٹاگون کارروائیوں کے ٹھکانوں کے بارے میں وڈیو ریکارڈنگ جاری نہیں کرتا ہے تاہم وہ رواں ماہ شام میں مسجد کو نشانہ بنانے کی تردید کے بعد ایسا کرنے پر مجبور ہو گیا۔ اس نے ایک فضائی تصویر پیش کی جس میں مسجد صحیح حالت میں نظر آ رہی ہے۔اسی طرح موصل کے مغرب میں پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے بین الاقوامی اتحاد اس ریکارڈنگ کو مزید خفیہ نہیں رکھنا چاہتا جس میں داعش کے ارکان شہریوں کو ایک عمارت میں بزور طاقت جمع کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔امریکی کمانڈر کرنل جوزف اسکروکا کے مطابق داعش تنظیم کے اختیار کردہ حالیہ اسلوبوں کے نتیجے میں موصل کے مغرب میں پھیلے تنظیم کے تقریبا ایک ہزار جنگجوں کو ختم کرنے کے لیے حکمت عملی میں نئی ترامیم کی ضرورت ہے۔