خبرنامہ

پیڑ کے اندر لکڑی کا گھر

پیڑ کے اندر لکڑی کا گھر
لندن: (ملت آن لائن) برطانیہ میں ایک پیڑ کے قلب میں بنایا گیا لکڑی کا گھر ملک کی قیمتی ، مشہور اور مہنگی ترین جائیدادوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے ۔ اس پیش رفت کی وجہ گھر کی تعمیر میں استعمال ہونے والی انتہائی مہارت اور شہروں کے شور و غل سے دُور سرسبز طبعی ماحول میں واقع ہونا ہے ۔ برطانوی میڈیا نے ملک کے جنوب مغربی شہر “سَمرسیٹ” میں واقع اس گھر کو “لکڑی کا ایک غیر معمولی شاہکار” قرار دیا ہے ۔
سیکڑوں سال پرانے ایک قدرتی پیڑ کے اندر بنائے گئے گھر میں ایک باورچی خانہ ہے جس میں ہیٹر اور گرم پانی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس کا فرش لکڑی کا ہے جس پر کسی قسم کے قالین کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ اس گھر میں ہفتے کے اختتام پر دو راتیں گزارنے کے اخراجات 1350 پائونڈ (1760 ڈالر) ہیں ۔ رواں سال Royal Institute of British Architects کی جانب سے اس گھر کو برطانیہ کے بہترین اور قیمتی ترین گھر کا ایوارڈ دیا گیا ۔ اس کے نتیجے میں یہ ملک کی قیمتی ، مشہور اور مہنگی ترین جائیدادوں کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے ۔ مذکورہ گھر کے اندر ایک ایسا کمرہ بھی ہے جس کو قدرتی طور پر آسمان کی روشنی سے روشن رکھا جاتا ہے۔
اس کی چھت شفاف ہے اور یہ دھوپ کو نہیں روکتی اور ساتھ ہی گھر کے اوپر قدرتی عناصر اور وہاں اڑتے پرندوں کے منظر سے بھی براہ راست لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گھر کے وسط میں ایک Living room بھی ہے جس میں داخل ہونے کے لیے ایک معلق پُل پر سے گزرنا ہوتا ہے ۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ گھر کی چھت پر ایک ساؤنا رُوم بھی موجود ہے جہاں درجہ حرارت کافی زیادہ رہتا ہے ۔ رپورٹوں کے مطابق اس گھر میں داخل ہوتے ہی انسان اپنے بچپن کے خوابوں میں کھو جاتا ہے یا پھر پیڑوں میں بنائے گئے گھروں یا لکڑی کے گھروں سے متعلق دیکھے گئے پروگراموں کی یاد تازہ ہو جاتی ہے ۔