خبرنامہ

چاکلیٹ کی پیشکش خاتون کو مہنگی پڑگئی

چاکلیٹ کی پیشکش خاتون کو مہنگی پڑگئی
شارجہ:(ملت آن لائن) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ڈرائیونگ لائسنس کے بدلے سرکاری ملازم کو رشوت میں چاکلیٹ کی پیشکش پر خاتون کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ڈرائیونگ لائسنس کا حصول ایک مشکل کام ہے، ٹیسٹ پاس کیے بغیر کسی کو بھی لائسنس جاری نہیں کیا جاتا ، لوگ کئی کئی بار ٹیسٹ دیتے ہیں اور فیل ہوجاتے ہیں، جس کے بعد وہ پھر سے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے کوشش کرتے ہیں اور اگر کوئی غلط طریقے سے لائسنس کے حصول کی کوشش کرے تو اسے لینے کے دینے پڑجاتے ہیں، ایسا ہی کچھ ایک عرب خاتون کے ساتھ بھی ہوا۔ شارجہ پولیس کے مطابق ایک خاتون نے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے ٹیسٹ میں سات بار ناکام ہونے کے بعد متعلقہ محکمے کے ایک ملازم کو رشوت کے طور پر 500 درہم اور چاکلیٹ دینے کی پیشکش کردی اور مطالبہ کیا کہ اس کے عوض انہیں ڈرائیونگ لائسنس جاری کردیا جائے۔ خاتون کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ معاملہ عدالت تک جاپہنچے گا۔خاتون نے جسے رشوت کی پیشکش کی گئی تھی اس نے اپنے حکام کو آگاہ کردیا اور محکمے نے قانون کے مطابق شارجہ کی عدالت میں خاتون کے خلاف تحریری شکایت جمع کرادی، عدالت نے خاتون کو طلب کرلیا، جہاں ملزمہ نے اپنا دفاع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اس نے نقدی و چاکلیٹ کی پیشکش بطور رشوت نہیں بلکہ تحفے کے طور پر کی۔