خبرنامہ

چوروں نے 70 سالہ بیوہ خاتون کا مکان ہی چوری کرلیا

چوروں نے 70 سالہ بیوہ خاتون کا مکان ہی چوری کرلیا
لندن:(ملت آن لائن) برطانوی علاقے ڈیون میں چالاک اور مہم جو چور ایک خاتون کا پورا مکان ہی چوری کرکے لے گئے۔ برطانوی علاقے سے چوری کیے گئے اس مکان کی لمبائی 40 فٹ ہے جس کی قیمت 30 ہزار برطانوی پونڈ کے قریب ہے جب کہ چوروں کو اس مکان کو چوری کرنے کے لیے زیادہ محنت بھی نہیں کرنا پڑی اور وہ باآسانی اسے اٹھا کر ایک ٹریلر ٹرک پر لاد کر لے اڑے۔
واقعے کے بعد 70 سالہ بیوہ سونیا مک کول نے کہا کہ شاید یہ چوری میری اس مہم کا نتیجہ ہے جس کے تحت میں نے پارک ہوم اونر جسٹس مہم چلائی تھی جس میں مکان رکھنے والے افراد کے حقوق پر انتھک محنت کی تھی جس سے کچھ لوگ ناراض تھے۔ انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ اس کے پاداش میں انہیں قتل کی دھمکیاں دی گئیں جب کہ اب وہ یہ شہر چھوڑ کر ڈورسیٹ منتقل ہونے پر غور کررہی ہیں۔انہوں نے حال میں ایک موبائل گھر خریدا تھا لیکن انہیں توقع نہ تھی کہ یہ کسی طرح چوری بھی ہوجائے گا اور اس کا بیمہ بھی نہیں کیا گیا تھا اور اس طرح وہ اب پائی پائی کی محتاج ہوچکی ہیں۔
سونیا کا کہنا تھا کہ میں مکمل طور پر صدمے میں ہوں، اور اس وقت وہ ایک دوست کے گھر پر رہائش اختیار کی ہوئی ہے اور اگر کوئی مجھے یہاں سے بھی نکال دے گا تو میں کہاں جاؤں گی۔
برطانیہ میں موبائل ہوم والی مافیا بہت مضبوط ہے جوعام افراد کے لیے کئی مشکلات کی وجہ بن رہی تھی اور سونیا نے ان کے خلاف ایک مہم چلائی تھی۔ ان کا مقصد بنیادی قوانین میں تبدیلی تھی تاکہ لوگوں کو مکان کا 10 فیصد کمیشن نہ دینا پڑے۔ سونیا کی درخواست پر پولیس نے کارروائی شروع کردی ہے ان کے مطابق یہ مکان 22 نومبر کو 6 بجے غائب ہوا اور چوروں کے پاس پورا مکان اٹھانے کے خاص آلات، مشینیں اور اوزار موجود تھے۔