خبرنامہ

چین میں پانڈے کے فضلے سے ٹشو پیپرکی تیاری

چین میں پانڈے کے فضلے سے ٹشو پیپر کی تیاری
بیجنگ(ملت آن لائن) چین میں پانڈے کے فضلے کی ری سائیکلنگ کر کے ٹشو پیپر اور ٹائلٹ پیپر بنانے شروع کر دیئے گئے۔چین کے خبرسارں ادارے کے مطابق صوبہ سیچوان میں ایک کمپنی نے چنگ ڈو شہر میں واقع ایک پانڈا کے تحفظاتی و تحقیقی مرکز کے ساتھ پانڈے کے فضلے کے حصول کے لئے معاہدہ طے کیا ہے۔یہ کمپنی مرکز میں جمع ہونے والے فضلے اور بانس کی باقیات کو دھلائی اور جراثیم سے پاک کرنے کے عمل سے گزار کر مطلوبہ مٹیریل کے حصول کے لئے ضروری معیاروں پر عمل پیرا ہے۔فضلے کو ٹشو پیپر اور ٹائلٹ پیپر میں تبدیل کرنے کے لئے فضلے کو 60 پروسیجرز سے گزارا جاتا ہے۔کمپنی کے سربراہ یانگ چاولن نے اس بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانڈا دن میں تقریباً 30 کلو خوراک کھاتا ہے اور 10 کلو فضلے کی شکل میں خارج کرتا ہے۔ اس خوراک سے شکر اور دیگر غذائی اجزا کو جذب کرنے کے بعد جو چیز فضلے کی شکل میں خارج ہوتی ہے وہ بانس کے ٹشو ہیں اور ٹائلٹ پیپر اور ٹشو پیپر بنانے کے لئے بھی ہمیں جس مواد کی ضرورت ہوتی ہے وہ یہی ٹشو ہیں۔چاولن نے کہا کہ پانڈے اپنی خوراک سے اپنی ضرورت کی چیز حاصل کرتے ہیں اور ہم اپنی ضرورت کی یعنی ہم دو طرفہ فائدے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم پانڈے کے فضلے سے تیار کردہ ٹائلٹ پیپر اور ٹشو پیپر کو پانڈا پْو کے نام سے فروخت کر رہے ہیں۔