چین میں کتے کا مجسمہ ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں کیوں بنایا گیا ہے؟
لاہور: (ملت آن لائن) چین کے ایک صوبے شانسی میں ایک شاپنگ مال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل سے مشابہت رکھنے والے ایک کتے کا مجسمے رکھا گیا ہے۔ لوگ اس مجسمے کے ساتھ تصویریں اتروا کر چینی سوشل میڈیا ویبو پر شئیر کر رہے ہیں۔ چینی قوم امریکہ کی دیوانی ہے پھر انہوں نے ایک کتے کے مجسمے کو ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل کیوں دی ہے؟ سال 2018ء چینی کیلنڈر کے مطابق کتے کا سال ہے۔چونکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پیدائش کا سال یعنی کہ 1946ء کتے کا سال تھا تو اس شاپنگ مال نے اپنے مال میں رکھنے کے لیے تمام کتے کے مجسمے ڈونلڈ ٹرمپ کی شکل میں بنوائے ہیں۔ اس مجسمے کے بال ڈونلڈ ٹرمپ کے بالوں کی طرح سنہری ہیں اور اس کا ایک ہاتھ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک روائیتی انداز میں اشارہ کر رہا ہے۔ سال2017ء چینی کیلنڈر کے مطابق مرغے کا سال تھا۔ اس سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے بھی اسی مال نے تیس فٹ لمبا ڈونلڈ ٹرمپ سے متشابہ ایک مرغے کا مجسمہ بنایا تھا۔ اس مجسمے کی تصویریں کچھ ہی دنوں میں چین میں وائرل ہوگئیں تھیں جس کے بعد وائیٹ ہائوس کے باہر ویسا ہی ایک غبارہ باندھا گیا تھا۔ چینی کیلنڈر بارہ سالوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس کیلنڈر کا ہر سال کسی جانور کے نام سے منسوب ہے۔ نیا چینی سال فروری کے مہینے میں شروع ہوتا ہے۔ کتے کا نیا سال سولہ فروری سے شروع ہوگا۔