خبرنامہ

ڈنمارک کے انجینئر نے اپنی بلی کو پہچاننے والا ڈیجیٹل نظام بنالیا

ڈنمارک کے انجینئر نے اپنی بلی کو پہچاننے والا ڈیجیٹل نظام بنالیا

لاہور:(ملت آن لائن) ایمسٹر ڈیم، ہالینڈ: ایک سافٹ ویئر انجینئر کو اپنی پالتو بلی سے اتنی محبت ہے کہ انہوں نے گھر کے مرکزی دروازے کے باہر بلی کی شناخت کرنے والا ایک ڈیجیٹل کیمرا سسٹم انسٹال کیا ہے جو ان کی بلی کو پہچان کر اطلاع دیتا ہے اور وہ فوراً اپنی بلی کے لیے دروازہ کھول دیتے ہیں۔ ولندیزی انجینئر ارکائز گیرو کے دروازے میں بلی گزرنے کا مخصوص خانہ موجود نہیں اور ہر بار بلی کو گھر میں داخل ہونے کے لیے دروازے پر انتظار کرنا پڑتا ہے اور بسا اوقات بلی شدید سردی میں باہر کھڑی رہتی ہے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ارکائز نے کمپیوٹر اور مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے یہ نظام بنایا ہے۔ علاوہ ازیں کیمرا حرکت محسوس کرتا ہے، چہرہ شناخت کرتا ہے اور اس میں میسجنگ کی ایک ایپ بھی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پورے نظام کی تیاری میں ارکائز کو صرف چند گھنٹے لگے اور اس کا سافٹ ویئر بھی ہر ایک کے لیے مفت میں دستیاب ہے۔ یہ بلی چند برس قبل انہیں اپنے گھر کے پاس سے ملی تھی۔ اس کی اطلاع پڑوسیوں کو دی گئی تو اس کا ایک مالک نکل آیا اور اس نے بلی کی کفالت میں ارکائز کو بھی شریک کرلیا اور اب یہ بلی دو گھروں میں گھومتی رہتی ہے۔ بلی باقاعدگی سے ارکائز کے گھر اپنے وقت پر آتی ہے لیکن وہ اور اس کی بیگم اس کے انتظار میں دروازے پر کھڑے نہیں رہ سکتے۔ یہ نظام حرکت محسوس کرکے بلی کی تصویر لیتا ہے جسے رسبری پائی منی کمپیوٹر سے بنایا گیا ہے۔ اس میں موجود آرٹیفیشل انٹیلی جنس نظام فوری طور پر بلی کو پہچان لیتا ہے اور اس کا پیغام ارکائز اور اس کی بیوی تک پہنچ جاتا ہے۔