مکہ المکرمہ۔(ملت+اے پی پی) کعبہ شریف کا غلاف تبدیل کر دیا گیا۔غلاف کعبہ کی تبدیلی پیر کی صبح 9 ذی الحج یوم عرفہ کو عمل میں لائی گئی جس میں مسجد الحرام کے امام ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس اور گورنر مکہ خالد بن فیصل نے بھی حصہ لیا۔ شاہ عبدالعزیز آڈیٹوریم میں تیار ہونے والے غلاف کعبہ شریف 670 کلو گرام خالص ریشم،120کلو گرام سونا اور ایک سو کلو گرام چاندی استعمال کی گئی ہے اوراس کی تیاری پر 2 لاکھ ریال کی لاگت آئی۔کعبہ شریف کے غلاف کی تبدیلی کا سلسلہ دور حضرت اسماعیل میں شروع ہوا اور حضور پاک ﷺ فتح مکہ کے بعد حج کے موقع پر اس کی تبدیلی کے احکامات صادر کئے تھے۔شاہ عبدالعزیز آڈیٹوریم کے ماہرین نے اپنے مقررہ وقت کے اندر اندر خانہ کعبہ کا نیا شاندار غلاف تیارکیا ہے۔ غلاف کی تیاری میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیا ہے۔ سائنسی طریقے سے غلاف کی تیاری کے نتیجے میں جہاں اس کے معیار میں بہتری آئی ہے وہیں اس کی تیاری کے وقت میں بھی کافی بچت ہوئی ہے۔انتہائی بیش قیمت ریشمی کپڑے پر مختلف فنی مہارتوں کے ذریعے آیات منقش کرنیکے بعد اس پر سنہری دھاگے سے بھی آیات اور مقدس عبارات تحریر کی گئی ہیں۔خیال رہے کہ غلاف کعبہ کی تیاری کے لیے سعودی عرب کے آڈیٹوریم میں فنی ماہرین کی 181 ٹیمیں کام کرتی ہیں۔