کم عمر نظر آنے کے لیے خواتین میں چہرے کا یوگا مقبول
شکاگو:(ملت آن لائن) چین سے لے کر یورپ تک خواتین میں چہرے کا یوگا بہت مقبول ہورہا ہے کیوں کہ خواتین کا موقف ہے کہ اس سے وہ کم عمر نظر آتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق فیشل یوگا کے ذریعے چہرے اور ماتھے کے عضلات بہتر ہوتے ہیں بلکہ یہ عمل مسلسل انجام دینے سے خواتین اپنی اصل عمر سے کئی برس چھوٹی دکھائی دے سکتی ہےتاہم اس کی مشقیں کچھ مضحکہ خیزبھی ہیں۔ اس سے قبل ماہرین نے اسے احساس کمتری کی شکار خواتین کے لیے ایک مارکیٹنگ حربہ قرار دیا تھا لیکن نئی تحقیق سے چہرے کے یوگا کی اہمیت نمایاں ہوگئی ہے۔
اس ضمن میں شکاگو کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی میں ایک تجربہ کیا گیا ہے۔ اس میں بہت سی ایسی خواتین کو مدعو کیا گیا جن کی عمریں 40 سے 65 برس کے درمیان تھیں۔ ان خواتین کو چہرے کے یوگا کی ورزشیں اور مشقیں کرائی گئیں ۔ یہ پروگرام 20 ہفتوں تک جاری رہا اور روزانہ انہیں 30 منٹ کی ورزش کرائی گئی تو وہ اپنی اوسط عمر سے 3 سال کم دکھائی دیں۔
فیشل یوگا میں منہ سے انگریزی حرف ’او‘ نکالتے وقت ہونٹوں کو بھی کچھ اسی طرح گول کیا جاتا ہے ۔ ایک اور ورزش میں ہنسنے کے دوران گالوں کو جہاں تک ممکن ہو کھینچا جاتا ہے جبکہ انگلیوں کے کناروں سے گالوں کو تھپتھپانا بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں دانت دکھائے بغیر ہنسنے کی مشقیں بھی شامل ہیں۔
یونیورسٹی کے ماہرین نے خواتین کو خاص ورزشیں کرائیں تو 20 ہفتے بعد 50.8 سال کی عمر کی خواتین اوسطاً 48.1 سال کی دکھائی دیں جن کی عمر کا تخمینہ درست ترین کمپیوٹر سافٹ ویئر سے لگایا گیا۔
یونیورسٹی میں جلد کے ماہر ڈاکٹر مراد عالم کہتے ہیں، ’ فی الحال فیشل یوگا 27 خواتین پر آزمایا گیا ہے جبکہ بڑے پیمانے پر انجام دیے گئے سروے سے اگر یہ بات مزید ثابت ہوجائے تو یہ غیر مضر اور کم خرچ طریقہ ہے جو چہرے کو تازہ ، کم عمر اور شاداب کرسکتا ہے۔