کولمبیا کا پانچ رنگی دریا دنیا کا خوبصورت ترین دریا ہے
لاہور: (ملت آن لائن) کولمبیا کے سیرانیا دی لا ماکارینا صوبے میں ایک رنگ برنگا دریا واقع ہے جو کہ سیاحوں کے لیے کشش کا بائث ہے۔ اس دریا کا نام ویسے تو کانو کرسٹیلز ہے لیکن اسے اس کے مختلف رنگوں کی وجہ سے پانچ رنگوں کا دریا یا آبی قوسِ قزح والا دریا بھی کہا جاتا ہے۔ اس دریا کو دنیا کا خوبصورت ترین دریا بھی سمجھا جاتا ہے۔
ہر سال جولائی سے نومبر کے دوران اس دریا کو چمکیلے اور حسین رنگوں میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دریا کے یہ رنگ ایک ماکارینیا کلیویگیرا نامی پودے کی وجہ سے ہیں۔ یہ پودا مختلف رنگوں جیسے کہ سبز، نارنجی، لال، زرد اور نیلے رنگ میں پایا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اس دریا کا پانی بھی انہی رنگوں میں نظر آتا ہے۔
اس دریا تک جانا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ سیاح اس دریا کو دیکھنے کے لیے لا ماکارینا تک جہاز کے ذریعے پہنچتے ہیں۔ وہاں سے وہ سیرانیا دی لا ماکارینا نیشنل پارک تک ایک بس کے ذریعے جاتے ہیں۔ وہاں سے اس دریا تک پہنچنے کے لیے پیدل یا گھوڑوں کے ذریعے جانا پڑتا ہے۔ یاد رہے کہ اس دریا کو دیکھنے کے لیے وسط مئی سے اوائل دسمبر تک ہی جایا جا سکتا ہے۔
سنہ 2000 تک اس علاقے میں گوریلا ہوتے تھے اور یہ علاقہ سیاحوں کے لیے خطرناک تصور کیا جاتا تھا۔ اب یہ جگہ سیاحت کے لیے محفوظ ہے۔ کمبوڈیا کی حکومت نے اس دریا کی سیاحت کو آنے والے سیاحوں پر کچھ پابندیاں بھی عائد کی ہوئی ہیں۔ سات لوگوں سے کم کے گروپ کو اس دریا پر جانے کی اجازت نہیں ملتی۔ دن میں صرف دو سو افراد ہی اس دریا پر جا سکتے ہیں۔ دریا کے جن حصوں میں تیراکی کی اجازت ہے وہاں اپنے جسم پر سن سکرین لگا کر جانا ممنوع ہے۔