کینیا میں ڈاکٹروں نے غلط مریض کے دماغ کا آپریشن کردیا
نیروبی:(ملت آن لائن) کینیاٹا نیشنل اسپتال میں ڈاکٹروں نے غلط مریض کے دماغ کا آپریشن کردیا۔ کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں واقع کینیاٹا نیشنل اسپتال میں ڈاکٹروں نے غلط مریض کے دماغ کا آپریشن کر ڈالا جس پر ڈاکٹروں کی 4 رکنی ٹیم کو معطل کردیا گیا۔ اسپتال کی سربراہ للی کوروس کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 2 مریض ایک ساتھ لائے گئے جن میں سے ایک کے دماغ میں خون جمنے کی وجہ سے آپریشن کرنا تھا جب کہ دوسرے مریض کے سر میں سوجن تھی جس کے علاج کےلیے آپریشن کی ضرورت نہیں تھی لیکن ڈاکٹروں نے غفلت برتتے ہوئے مریضوں کی شناخت میں غلطی کردی جس کی وجہ سے سر میں سوجن والے مریض کے دماغ کا آپریشن کردیا۔ آپریشن کے بعد آنے والی رپورٹس میں انکشاف ہوا کہ مریض کے دماغ میں خون جمنے کی علامات تھیں ہی نہیں۔
ڈاکٹروں نے ایرانی شوریٰ نگہباں کے چیئرمین کا غلطی سے گردہ نکال دیا
للی کوروس کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے غلطی کے باعث کوئی ہلاکت نہیں ہوئی لیکن اس واقعے پر انہیں بہت شرمندگی ہے اور ان کی پوری کوشش ہے کہ متاثرہ مریض کی حفاظت اور دیکھ بھال کی جائے؛ معاملے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور ابتدائی طور پر آپریشن کرنے والے ڈاکٹروں کی 4 رکنی ٹیم کو فوری طور پر معطل کرکے نیوروسرجن کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسپتال حکام کے فیصلے کے خلاف دیگر ڈاکٹروں نے احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عملے کی شدید کمی کی وجہ سے موجودہ عملہ سخت دباؤ کا شکار رہتا ہے۔ جس شخص نے مریضوں کے شناختی نشانات لگائے تھے، اسے سزا دینے کے بجائے ڈاکٹروں کو نشانہ بنایا گیا جو سراسر زیادتی ہے۔