کینیڈا کے شہری پراسرار شور سے پریشان
کینیڈا:(ملت آن لائن) کینیڈا کے ایک شہر کے رہائشی گزشتہ 8 برس سے پراسرار شور سن رہے ہیں لیکن اب تک اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے اور لوگ اس سے پریشانی کا شکار ہیں۔
ڈیٹرائٹ کے قریب واقع ایک چھوٹے شہر ونڈسر کے رہائشی ہر جگہ برپا ایک شور سے پریشان ہیں اور لاکھ کوششوں کے باوجود بھی اس کی وجہ معلوم نہیں کی جاسکی ہے۔
اس شور کو ایک طرح کی ہلکی گڑگڑاہٹ قرار دیا جارہا ہے جسے ’ونڈسرہمنگ‘ بھی کہا جاتا ہے جہاں دولاکھ سے زائد آبادی اس آواز کو سنتی اور محسوس کرتی ہے۔ کبھی کبھی اس کی شدت بڑھ جاتی ہے اور کبھی تھم جاتی ہے لیکن بیشتر وقت یہ آواز آتی رہتی ہے۔
مسلسل جھنجھناہٹ والی آواز اگر شدید ہوتو لوگ دردِ سر، بے خوابی، ڈپریشن، الجھن اور دیگر امراض کی شکایت کرتے ہیں۔ بعض افراد یہاں سے گھر چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں منتقل ہوجاتے ہیں۔
ونڈسر میں رہنے والی ایک خاتون سبرینا وائس نے کہا ہے، ’یہاں کئی لوگ علاقہ چھوڑ چکے ہیں کیونکہ شور اور آوازیں نہیں تھم رہیں۔ گزشتہ برس کئی دفعہ میں نے یہاں سے نکلنے کا ارادہ کیا کیونکہ پراسرار آواز تھمنے کے بعد بھی ذہن میں ان کا شور سنائی دیتا رہتا ہے۔‘
لوگوں کے مطابق باغ میں، سڑکوں پر اور گھروں میں ہر جگہ یہ آواز سنائی دیتی ہے۔ بعض لوگ اس آواز کو کسی ساؤنڈ سسٹم کے ووفر کی آواز قرار دیتے ہیں، کچھ لوگ اسے اسٹار ٹریک خلائی جہاز کے تیز رفتار والے ساؤنڈ ایفیکٹس سے ملارہے ہیں۔ لیکن یہ عجیب شور کبھی تیز اور کبھی کم ہوجاتا ہے اور تھوڑی دیر تھمنے کے بعد دوبارہ جاری ہوجاتا ہے۔ دن ہو یا رات، یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔
اس آواز کے جانوروں پر اثرات بھی دیکھے گئے ہیں۔ ایک جانب تو کتے اس کی وجہ سے رات بھر روتے اور چیختے ہیں تو دوسری جانب بلیاں بھی اس سے خوفزدہ دکھائی دیتی ہیں۔ لیکن پراسرار شور ونڈسر میں گھومتا رہتا ہے اور بعض علاقوں میں کم کم سنائی دیتا ہے۔ 2006 میں 22 ہزار افراد نے اس کی شکایت کی تھی۔
لوگوں نے بہت سے توہمات اور اپنے اپنے مفروضات بھی قائم کررکھے ہیں۔ بعض کے نزدیک یہ کسی خفیہ سرنگ کی آواز ہے اور کوئی اسے خفیہ اڑن طشتری کی آواز قرار دے رہا ہے۔ بعض رہائشیوں کے مطابق ونڈسر کے قریب زگ جزیرے پر ایک اسٹیل مل سے یہ آوازیں خارج ہوتی ہیں۔