خبرنامہ

گردے کے مریض کو شاپنگ کے دوران ’ ڈونر‘ مل گیا

گردے کے مریض کو شاپنگ کے دوران ’ ڈونر‘ مل گیا

کینیڈا:(ملت آن لائن) چار سال تک گردہ عطیہ کرنے والے کی تلاش میں سرگرداں مریض کو شاپنگ کے دوران مسیحا مل گیا۔ کینیڈا کے شہری روبرٹ ڈوران نامی شخص چار سال سے گردے کے مرض میں مبتلا ہیں جنہیں ڈاکٹرز نے تبدیلی گردہ کا آپریشن تجویز کیا تھا تاہم چار سال تک انہیں گردہ عطیہ کرنے والا کوئی شخص نہیں مل سکا۔ روبرٹ ڈوران نے گردہ عطیہ کرنے والی کی تلاش کے لیے ایسی ٹی شرٹ پہنی جس پر ’ضرورتِ گردہ‘ کا اشتہار آویزاں تھا۔ روبرٹ جب بھی گھر سے باہر جاتے یہی ٹی شرٹ پہنے رہتے تھے یہاں تک کہ کینیڈا میں واقع ’ کوسٹکو شاپنگ مال‘ میں خریداری کر رہے تھے کہ ایک نوجوان لڑکی نے ان سے معلومات حاصل کرکے سوشل میڈیا پر تصاویر کے ساتھ تمام تفصیلات شیئر کردیں جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر 150 افراد نے رابطہ کیا جن کے خون کا گروپ روبرٹ ڈوران سے ملتا تھا۔ کینیڈا کے اسپتال میں روبرٹ کے معالج نے 150 افراد میں سے چند افراد کے ٹیسٹ لیے جس میں سے ایک شخص کے تمام ٹیسٹ رابرٹ سے مل گئے جس کے بعد چند ضروری کاغذی کارروائی کر کے گردے کی تبدیلی کا آپریشن کردیا جائے گا۔