گٹر کے ڈھکن پرابھرے ڈیزائن سے ٹی شرٹ چھاپنے کا انوکھا فن
برلن:(ملت آن لائن)جرمنی میں گٹر کے ڈھکنوں پر ابھرے ڈیزائنز سے ٹی شرٹ پرنٹ کرنے کا منفرد رجحان فروغ پانے لگا ہے۔ کئی افراد اس طرح کی ٹی شرٹ باقاعدگی سے فروخت کرکے کمانے لگے ہیں۔ مغربی ممالک میں گٹر یا مین ہول کے ڈھکن پر بہت سے خوبصورت ڈیزائن بنے ہوتے ہیں اور یہ فنکار انہیں استعمال میں لاتے ہیں۔ سب سے پہلے یہ کام برلن کی خاتون ڈیزائنر ایما فرانس ریف نے شروع کیا تھا اور انہوں نے اپنے گروپ کا نام ’روب ڈرکرن‘ رکھا تھا جس کا جرمن زبان میں مطلب ’قزاق پرنٹر‘ ہوتا ہے۔ پہلے ٹی شرٹ پھر اس کے بعد انہوں نے کپڑے کے بیگ، ٹی شرٹس اور دیگر اشیا پر گٹر کے ڈیزائن چھاپے جو بہت مقبول ہوئے۔ اب یہ ٹیم پورے یورپ میں گھوم کر مین ہول پر رنگ کرکے ان کے ڈیزائنز لباس اور شرٹ پر منتقل کررہی ہے۔ ایما اپنے والد کے ساتھ 2006ء سے یہ کام کررہی ہیں اور برلن کے علاوہ لزبن، ایمسٹرڈیم اور دیگر شہروں میں جاکر وہاں سیمنٹ کے ڈیزائن اور مین ہول کے نقوش چھاپ کر ٹی شرٹس فروخت کررہی ہیں۔ اس پروجیکٹ میں وہ شہروں میں ماحول دوست نکاسی آب اور دیگر سہولیات کا بھی جائزہ بھی لیتی ہیں۔ ایما فرانس نے یورو نیوز کو بتایا کہ میری مصنوعات پر چھپے تمام ڈیزائن مختلف یورپی شہروں کے مین ہول کے ذریعے حاصل کیے گئے ہیں۔ وہ اکثر زمین دیکھ کر چلتی ہیں اور جہاں کہیں کوئی نئے ڈیزائن والا گٹر کا ڈھکنا دکھائی دیتا ہے، وہ اس پر رنگ کرکے اسے چھاپتی ہیں یعنی اس کا ڈیزائن کپڑے پر اتارتی ہیں۔ علاوہ ازیں ان کے بیگ بھی بہت مقبول ہورہے ہیں اور اسٹریٹ پرنٹنگ کا یہ عمل لوگ بہت شوق سے دیکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایما دوسرے لوگوں کو یہ کام سکھانے کےلیے ورکشاپس بھی منعقد کرتی ہیں جہاں ان کی ٹیم دیگر افراد کو یہ ہنر سکھاتی ہے۔ تاہم آپ مین ہول کے ڈھکن والی ٹی شرٹ ان کی ویب سائٹ سے بھی خرید سکتے ہیں۔