خبرنامہ

گیارہ سالہ لڑکی جس کی آنکھوں سے چیونٹیاں نکلتی ہیں!

گیارہ سالہ لڑکی جس کی آنکھوں سے چیونٹیاں نکلتی ہیں!

کرناٹک:(ملت آن لائن) بھارتی ریاست کرناٹک کے گاؤں بلتھانگیڈی میں ایک ایسی بچی بھی موجود ہے جس کی آنکھوں سے آنسوؤں کے ساتھ ساتھ مردہ چیونٹیاں بھی نکلتی ہیں اور اب تک اس کی آنکھوں سے 60 چیونٹیاں برآمد ہوچکی ہیں۔ اگرچہ ڈاکٹرز اب تک نہیں جان سکے ہیں کہ آخر یہ چیونٹیاں اس گیارہ سالہ لڑکی کی آنکھوں تک کیسے پہنچیں مگر ان کا اندازہ ہے کہ شاید یہ چیونٹیاں پہلے پہل اس لڑکی کے کانوں میں داخل ہوئی ہوں گی، جس کے بعد وہ اس کے جسم میں بھٹکتی ہوئی آنکھوں تک جاپہنچی ہوں گی جہاں پہلے سے موجود پانی میں ڈوب کر مر گئی ہوں گی۔ البتہ یہ خیال ابھی تک صرف ایک مفروضہ ہے۔ ایشوینی نامی اس لڑکی نے چند روز پہلے اپنے والدین سے کہا کہ اس کی آنکھوں میں شدید تکلیف ہورہی ہے، جس پر انہوں نے غور سے دیکھا تو وہاں ایک مری ہوئی چیونٹی موجود تھی۔ شروع میں انہوں نے اسے اتفاق سمجھتے ہوئے زیادہ غور نہیں کیا اور مری ہوئی چیونٹی نکال کر پھینک دی۔ اس بچی کی ایک مختصر سی ویڈیو بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی ہے جسے دیکھنے والے بھی حیران و پریشان ہیں۔ اس وقت تکلیف ختم ہوگئی لیکن اگلے روز جب وہ بچی اسکول میں تھی تو اس کی آنکھوں میں ایک بار پھر شدید چبھن اور جلن ہونے لگی جس کی شکایت اس نے اپنی استانی سے کی، جو اسے لے کر قریبی اسپتال پہنچ گئیں۔ اس مرتبہ زیادہ مری ہوئی چیونٹیاں اس کی آنکھوں سے نکلیں۔ یہ کیفیت دیکھ کر اس بچی کے والدین کو فوراً اسپتال بلوا لیا گیا۔ سب یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس لڑکی کی آنکھوں سے آنسوؤں کے ساتھ ساتھ چیونٹیاں بھی نکل رہی تھیں۔ یہ بچی اب تک اسپتال ہی میں داخل ہے اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس کی آنکھوں سے روزانہ پانچ سے چھ مردہ چیونٹیاں اب بھی نکل رہی ہیں۔ پچھلے ایک ہفتے کے دوران اس بچی کی آنکھوں سے تقریباً 60 مردہ چیونٹیاں برآمد ہوچکی ہیں۔ مزید تفصیلی معائنے اور تشخیص کےلیے اس بچی کو کسی بڑے اسپتال منتقل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔