خبرنامہ

یمن، حوثیوں کی بچھائی گئی بارودی سرنگوں سے 615 شہری جاں بحق،متعد د زخمی

صنعاء (ملت آن لائن + آئی این پی) یمن میں حوثیوں کی جانب سے16 صوبوں میں بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کے پھٹنے سے 615 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میں انسانی حقوق کی پامالی پر نظر رکھنے والے گروپ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ حوثیوں کی جانب سے یمن کے 16 صوبوں میں بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کے حوالے سے 2200 سے زیادہ حادثات کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔یہ اعلان بارودی سرنگوں سے متعلق آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر سامنے آیا۔حوثیوں کی جانب سے بچھائی گئی ان بارودی سرنگوں کے سبب جانی و مالی نقصان کے علاوہ اہم تنصیبات ، سواریوں ، پلوں اور کنوں پر دھماکے ہوئے۔اس دوران مختلف صوبوں میں بارودی سرنگوں کے پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم 615 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 16 برس سے کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔یمن میں انسانی حقوق کی پامالی پر نظر رکھنے والے گروپ نے حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ابھی تک اپنے ہاتھوں بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے نقشے حوالے کریں اور آئندہ بین الاقوامی طور پر ممنوعہ عمل سے باز رہیں۔ علاوہ ازیں ان علاقوں میں انتباہی بورڈز بھی لگائیں جائیں جن کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ وہاں بے سوچے سمجھے بارودی سرنگیں بچھا دی گئی ہیں تا کہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔