خبرنامہ

یمن، عدن میں زندگی لوٹ آئی، تاریخی گھڑیال ’بیگ بین‘ کی سوئیاں بھی چل پڑیں

عدن (ملت + اے پی پی) یمن کے جنوبی حصے عدن میں باغیوں کو شکست دینے کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ عدن شہر میں نصب تاریخی گھڑیال ’بگ بین‘ کی مرمت کے بعد اسے بھی رواں کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ ’بگ بین‘ شہر میں 1890ء میں برطانوی سامراج کے دور میں بنایا گیا تھا۔ یمن میں جاری خانہ جنگی کے دوران ’بگ بین‘ کے نام سے مشہور گھڑیال نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ عدن پر حکومتی عمل داری کی بحالی کے بعد اس گھڑیال کی دوبارہ مرمت کی گئی جس کے بعد اس نے دوبارہ کام شروع کردیا ہے۔برطانوی دور میں تیار کردہ گھڑیال مسلسل 127 سال تک کام کرتا رہا ہے۔ مگر دو سال قبل یمن میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے نتیجے میں یہ گھڑیال بھی متاثر ہوا۔ عدن میں حکومتی کنٹرول کے بعد اس گھڑیال کو دوبارہ چلایا گیا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عدن میں اب حالات حکومت کے قابو میں ہیں۔