یمن: مردہ قرار دیا گیا حوثی جنگجو زندہ نکلا
صنعاء: (ملت آن لائن) حسین صالح نامی یہ حوثی جنگجو تعز کے محاذ سے بھاگ آیا تھا لیکن حوثی ملیشیا نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق حوثی ملیشیا میدان جنگ سے بھاگ کر آنے والے اپنے جنگجوؤں کو مردہ قرار دے دیتی ہے اور اور ان کے آبائی علاقوں میں ان کی تدفین کر دی جاتی ہے۔ ان جنگجوؤں کے لواحقین کو ان کا آخری دیدار نہیں کرایا جاتا جس سے یہ پتہ نہیں چلتا کہ کون مرا ہے اور کس کو قبر میں اتارا جا رہا ہے، البتہ قبر پر اس کے نام کا کتبہ لگا دیا جاتا ہے، جس کی موت کا حوثی ملیشیا اعلان کرتی ہے اور اس کے خاندان کو بھی یہ بتا دیا جاتا ہے کہ مرنے والا آپ ہی کا پیارا تھا۔ اسی قسم کا ایک واقعہ ان دنوں بہت مشہور ہو رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک تصویر میں حوثی جنگجو محمد حسین صالح ایک قبر کے ساتھ بیٹھا ہے۔ اس پر اس کی تصویر لگی ہوئی ہے اور وہ اپنی اس قبر اور دوسری قبور کی تصاویر بنا رہا ہے۔ حوثیوں کے مطابق تو شخص مبینہ طور پر ہلاک ہو گیا تھا۔ حوثی ملیشیا نے اس کی موت کا اعلان کیا تھا اور یمن کے وسطی صوبے ضامر میں اپنے ہلاک شدگان کے ایک قبرستان میں اس کو دفن بھی کر دیا تھا۔