خبرنامہ

یمن؛ اتحادی طیاروں کی بمباری ، 16 جنگجو ہلاک

صنعاء: (ملت+آئی این پی) یمن میں حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کے ٹھکانوں پر اتحادی طیاروں کی بمباری سے 16 جنگجو مارے گئے جبکہ صعدہ صوبے میں علب کے محاذ پر بھی شدید لڑائی میں باغیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق یمن کے صوبے تعز میں یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے مقبنہ اور جبلِ حبشی کے محاذوں پر بڑی پیش قدمی کی ہے۔ اس دوران حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاں کے ٹھکانوں پر اتحادی طیاروں کی بم باری سے کم از کم 16 جنگجو مارے گئے۔ صعدہ صوبے میں علب کے محاذ پر بھی شدید لڑائی میں باغیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔تعز میں یمنی فوج کے ترجمان کے مطابق سرکاری فوج نے جبلِ منعم ، التبہ السودا اور شرف العینین کے علاقوں میں ملیشیاں کے ٹھکانوں پر حملے کیے۔ اس دوران شدید لڑائی کے بعد یمنی فوج المنعم کے اطراف کے علاقے تک پیش قدمی کرنے میں کامیاب ہو گئی اور الجبیریہ ، الصفرا ، الصراہم ، وہر ، القحفہ اور السد کو آزاد کرا لیا گیا جب کہ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ادھر مقبنہ کے محاذ پر فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری فوج نے مسلسل دوسرے روز بھی ملیشیاں کے ٹھکانوں پر حملے جاری رکھے اور دو دیہاتوں البرکنہ اور دار قاسم کو آزاد کرانے میں کامیاب ہو گئی۔فوجی ترجمان کے مطابق اس دوران حوثی ملیشیاں کے 16 سے زیادہ ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ ایک ہیمر فوجی گاڑی اور ایک ٹینک تباہ ہو گیا۔ادھر صعدہ صوبے میں علب کے محاذ پر یمنی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں حوثیوں کا کمانڈر ابوطہ الخولانی اپنے 41 جنگجوں کے ہمراہ مارا گیا۔ اس دوران سرکاری فوج کو اتحادی طیاروں کی معاونت بھی حاصل رہی۔عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ صعدہ اور حجہ صوبوں میں مختلف سرحدی علاقوں میں گھمسان کی جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران یمنی فوج نے اتحادی طیاروں کی معاونت سے البقع ، باقم اور حرض میدی کے محاذوں پر چھپے ہوئے باغیوں کو شدید بم باری اور گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا۔اس کے علاوہ عرب اتحادی طیاروں نے صعدہ صوبے کے ضلع باقم کے علاوہ الظاہر اور شدا کے علاقوں اور حجہ صوبے میں حرض کے علاقے پر درجنوں حملے کیے۔