خبرنامہ

یمن؛ فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپیں،55 افراد ہلاک

صنعاء؛ (ملت+آئی این پی)یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدرمنصور ہادی کی وفادار فوج اور باغیوں کے درمیان مختلف جھڑپوں میں 55افراد ہلاک ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میں بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدرمنصور ہادی کی وفادار فوج اور باغیوں کے درمیان2روز میں مختلف جھڑپوں میں 55افراد ہلاک ہو گئے۔ ہادی کے فوجی ساحلی علاقے پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں اور آبنائے باب المندب کے قریبی شہر ذباب پر قبضے کی کوشش میں ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایک عسکری آپریشن گزشتہ ہفتہ کے روز سے شروع کر رکھا ہے۔ آبنائے باب المندب بحیرہ روم اور بحیرہ اسود کو ملاتا ہے اور مال بردار بحری جہازوں کی انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔ یمنی حکومت کا موقف ہے کہ آبنائے کے قریبی ساحلی علاقوں میں باغیوں کی موجودگی بحری جہازوں کی نقل و حمل میں خلل ڈال سکتی ہے۔