خبرنامہ

یمنی حوثیوں باغیوں نے سعودی عرب پر میزائلوں کی بارش کردی

ریاض: (ملت+آئی این پی)یمن میں حوثیوں باغیوں نے سعودی عرب پر میزائلوں کی بارش کردی تاہم کوئی بھی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز حوثی باغیوں کی طرف سے سرحد پار سے 11میزائل فائر کیے گئے لیکن حسب معمول یہ وار بھی خطاہوگیا اور کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ حوثی باغیوں نے سعودی سرحدی شہر نجران میں کتیوشا راکٹ بھی فائر کیے جن کا پتہ لگانا مشکل ہے اور اب تک 100سے زائد شہری اور فوجی ان راکٹ حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔ گزشتہ ماہ باغیوں کی طرف سے فائر کیاجانیوالا لانگ رینج بیلسٹک میزائل مکہ کے قریب تباہ کردیاگیااور باغیوں نے بھی سعودی عرب میں برکان 1بیلسٹک میزائل کے حملے کی تصدیق کردی تھی اور دعوی کیاتھا کہ ان کا ہدف شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ تھا۔دوسری طرف گزشتہ سال مارچ سے جاری کارروائی کے دوران یمن میں اب تک 6600سے زائد لوگ مارے گئے جن میں زیادہ ترتعداد عام شہریوں کی ہے جبکہ 30لاکھ سے زائد لوگ متاثر ہوئے ۔