خبرنامہ

یمن میں اتحادی فوج کااسکول بس پرحملہ،بچوں سمیت50افراد شہید

شمالی یمن میں اتحادی فوج کے اسکول بس پر فضائی حملے میں 29 بچوں سمیت 50 افراد شہید، جب کہ 60 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ پر امریکا اور اقوام متحدہ نے تفتیش کا مطالبہ کردیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اتحادی افواج نے بمباری کے دوران منزل کی جانب رواں دواں اسکول بس کو نشانہ بنایا۔ اندوہناک واقعہ میں انتیس بچوں سمیت پچاس افراد جاں بحق اور ساٹھ سے زائد زخمی ہیں۔

یمن کے طبی ذرائع اور عالمی ریڈ کراس کے مطابق بس کو صعدہ کے علاقے سوق ضحیان میں نشانہ بنایا گیا تھا، جب کہ بس میں پندرہ سال سے کم عمر کے بچے سوار تھے۔ حملے میں زخمی ہونے والوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔

حملے شمالی یمن میں حوثیوں کے مضبوط ٹھکانے پر کیے گئے، جو سعودی عرب کی سرحد کے قریب واقع علاقہ ہے۔ عینی شاہدین اور حملے کی ویڈیو فوٹیج میں خون سے لت پت لاشیں پڑی ہیں، جب کہ پٹیاں لگے زخمی اسٹریچر پر پڑے دکھائی دے رہے ہیں، جن کا علاج جاری ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور اتحادی بے گناہ شہری آبادی کو نشانہ نہ بنائے، اتحادی فوج کا کہنا ہے حملہ حوثیوں کے میزائل حملے کے جواب میں کیا گیا تھا۔ سعودی اتحاد کی جانب سے بھی اس بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔