خبرنامہ

یمن میں القاعدہ کے ٹھکانے پر دوسرے روز بھی امریکی فضائی حملے

صنعاء (ملت + آئی این پی )امریکا نے مسلسل دوسرے روز بھی یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کے صدر دفتر کے ترجمان کیپٹن جیف ڈیوس نے یمن میں حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکا جنگی طیاروں نے دو دنوں میں 30 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ حملے شبوہ، ابیان اور البدایا کے صوبوں میں کیے گئے۔ پینٹاگون کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ ان حملوں میں عسکریت پسندوں کو کتنا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ رواں برس جنوری میں یمن ہی میں امریکی کمانڈوز نے بھی ایک مقامی عسکریت پسند کے گھر پر حملہ کیا تھا۔ گزشتہ روز کو بھی یمن میں امریکی جنگی طیاروں نے القاعدہ کی ذیلی شاخ کے اڈوں کو ٹارگٹ کیا تھا۔