خبرنامہ

یمن میں حوثی باغیوں نے بین الاقوامی طبی ادارے کے 5 کارکن اغوا کرلیے

صنعاء (ملت آن لائن + آئی این پی) یمن میں حوثی باغیوں نے بین الاقوامی طبی ادارے کے 5 کارکن اغوا کرلیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی طبی امدادی ادارے میڈیکل کور سٹاف نے الزام عاید کیا ہے کہ یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے باب الیمن کے مقام سے تنظیم کے پانچ امدادی کارکنان کو یرغمال بنا لیا ہے۔ بین الاقوامی امدادی ادارے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے باب الیمن سے تنظیم کے ساتھ کام کرنے والے دو مقامی ڈرائیوروں کو بھی اغوا کرلیا۔تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ 2012 سے یمنی شہروں میں مفت طبی امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ بین الاقوامی طبی ادارے کی طرف سے صنعا، تعز، اب، عدن اور لحج شہروں میں طبی امداد کے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔یہ ایک ہفتے سے کم عرصے میں اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ چند روز قبل بی الاقوامی طبی ادارے ڈاکٹر ود آٹ بارڈرز نے حوثی باغیوں کی تنظیم کے امور میں مداخلت کے بعد یمن میں اپنی سرگرمیاں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔یہ دونوں واقعات یمن میں کام کرنے والے امدادی اداروں کو باغیوں کی طرف سے بلیک میل کیے جانے کا واضح ثبوت ہیں۔ گذشتہ ماہ یمنی باغیوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمشنر اسٹیفن اوپرائن اور قبل ازیں ریڈ کراس اور یونیسیف کے مندوبین کو بھی یمن میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔