خبرنامہ

یمن میں حوثی ملیشیاؤ ں نے بارودی سرنگیں بچھائیں

صنعا ء: (ملت+آئی این پی)یمن میں ثی اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی ملیشیاؤں کی جانب سے گزشتہ سال متعدد صوبوں میں لڑائی کے آغاز کے بعد سے تقریبا 2.5 لاکھ بارودی سرنگیں بچھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ حوثی اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی ملیشیاں نے مارچ 2015 میں متعدد صوبوں میں لڑائی کے آغاز کے بعد سے تقریبا 2.5 لاکھ بارودی سرنگیں بچھائیں۔یہ تخمینہ دسمبر 2016 تک بچھائی جانے والی سرنگوں کا ہے اور حقیقی تعداد یقیناًاس سے زیادہ ہوگی کیوں کہ باغی کسی بھی علاقے کو خالی کرنے سے قبل وہاں بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد ضرور نصب کر دیتے ہیں۔یمن کی سرکاری فوج نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ اس نے گزشتہ دو روز کے دوران ملک کے جنوب مشرقی صوبے شبوہ کے ضلعے بیحان میں 600 بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا۔ ان بارودی سرنگوں کو حوثیوں اور ان کی ہمنوا ملیشیاں نے بچھایا تھا۔ عسکری ذرائع کے مطابق تقریبا ایک لاکھ بارودی سرنگیں عدن ، لحج اور الضالع کے صوبوں میں بچھائی گئیں جب کہ بقیہ تعداد مارب ، الجوف ، تعز ، البیضا ، شبوہ اور حجہ کے صوبوں میں نصب کی گئیں۔عرب اتحادی افواج نے اگست 2015 کے اواخر میں دس خصوصی انجینئرنگ ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ ان ٹیموں کو آزاد کرائے جانے والے علاقوں میں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کی ذمے داری سونپی گئی۔سابقہ معلومات کے مطابق مذکورہ انجینئرنگ ٹیموں نے عدن اور لحج کے صوبوں میں 30 ہزار سے زیادہ بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنایا۔نومبر 2016 کے اختتام پر یمن کی سرکاری فوج نے اعلان کیا کہ خصوصی انجینئرنگ ٹیمیں مارب صوبے کے مخلتف علاقوں میں حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاں کی جانب سے بچھائی گئی 36 ہزار بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔