خبرنامہ

یمن میں سرکاری فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 40حوثی باغی ہلاک،متعدد زخمی

صنعاء (ملت + آئی این پی)یمن میں سرکاری فوج کے ساتھ جھڑپوں میں حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز کے 40سے زیادہ جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے صوبے الجوف میں المزویہ اور مصلوب گورنریوں میں سرکاری فوج کے ساتھ جھڑپوں میں حوثی ملیشیا اور معزول صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فورسز کے 40سے زیادہ جنگجو ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔ایک فوجی ذریعے کے مطابق حوثی ملیشیا اور اس کے اتحادیوں نے الجوف میں یمنی فوج کی چوکیوں پر حملے کی کوشش کی تھی لیکن انھیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور جوابی کارروائیوں میں حوثیوں کا بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔ادھر یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ میں واقع جزیرے کمران میں عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں مزید 15 جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔قبل ازیں بدھ کو الصلیف اور الخوخہ کے علاقوں میں بھی عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی تھی جس سے9 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ الحدیدہ میں اسپتال ذرائع نے فضائی حملوں میں چوبیس افراد کی ہلاکت اور دسیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔