خبرنامہ

یمن میں کارگو شپ پر راکٹ حملہ، 7پاکستانی جاں بحق

یمن:(ملت+اے پی پی) کی سمندری حدود میں کارگو شپ پر راکٹ حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 7پاکستانی جاں بحق ہوگئے، بحری جہاز میں 8پاکستانی سوار تھے ۔ ایرانی جہاز ایم وی جویا مصر سے دبئی جارہا تھا جس پر یمن کی حدود میں راکٹ حملہ کیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق جہاز کے کپتان انیس الرحمان سمیت تمام عملہ پاکستانی ہے، جہاز پر حملے کے بعد ایک شپ آفیسر کبیر نے کود کر جان بچائی۔ کبیر نے ہی پاکستان میں شپنگ کمپنی کے ایجنٹ کو واقعے کی اطلاع دی ہے۔ جہاز کے کپتان انیس الرحمان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شپنگ کمپنی کے ایجنٹ سے رابطے میں ہیں۔ انصار برنی ٹرسٹ کے چیئرمین انصار برنی کا کہنا ہے کہ ٹرسٹ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطے کی کوشش کررہا ہے۔ یمن میں راکٹ حملے کا نشانہ بننے والے جہاز کے عملے کے مزید نام سامنے آئے ہیں، شپنگ کمپنی کے ایجنٹ کے مطابق جہاز پر چیف انجینئر محمد شعیب اورالیکٹریشن ابراہیم بھی سوار تھے۔ شپنگ ایجنٹ کا مزید کہنا ہے کہ حملے کی اطلاع کل شام ملی، جس کے متعلق عملے کے اہل خانہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔