خبرنامہ

یونانی ساحل کے قریب سمندر سے 113سے زائد تارکین وطن کو بچا لیا گیا

ایتھنز (ملت + آئی این پی) یونانی ساحل کے قریب سمندر سے100 سے زائد تارکین وطن کو بچا لیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یونانی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ ملکی ساحلوں کے قریب سمندری علاقے سے یورپ کی طرف سفر کرنے والے سو سے زائد تارکین وطن کو بچا لیا گیا۔ یہ 113افراد ایک ایسی کشتی میں سوار تھے، جو یونانی جزیرے پاکسی کے قریب ہنگامی صورت حال کا شکار ہو گئی تھی۔ کوسٹ گارڈز کے مطابق جب اس کشتی کے مسافروں کو بچایا گیا تو انہیں بہت اونچی سمندری لہروں اور ستر کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار والی تیز ہواں کا سامنا تھا، جن کے نتیجے میں یہ کشتی اور اس میں سوار تارکین وطن ڈوب سکتے تھے۔ ان افراد کو ایک مال بردار بحری جہاز کی مدد سے بچایا گیا، اور اب انہیں یونانی بندرگاہی شہر پاتراس پہنچایا جا رہا ہے۔