خبرنامہ

یونان میں پناہ نہ ملنے پر مایوس شامی شہری کی خود سوزی

ایتھنز/انقرہ (ملت آن لائن + آئی این پی) یونان میں پناہ نہ ملنے پر مایوس ہوکر شامی شہری نے خود سوزی کرلی۔یونان اور عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق یونان میں پناہ کے متلاشی ایک شامی شہری نے پناہ نہ ملنے پر مایوسی کے عالم میں خود سوزی کی کوشش کی جس کے نتیجے میں اس کا 90 فی صد جسم جھلس گیا ہے۔یہ المناک واقعہ ترکی کے ازمیر شہر کے بالمقابل یونانی جزیرہ خیوس میں پیش آیا۔ذرائع ابلاغ پر سامنے آنے والی ایک فوٹیج میں ایک شخص کو خود کو آگ لگاتے دکھایا گیا ہے۔ خود سوزی کرنے والے شخص نے اپنے جسم پر تیل چھڑکا اور پھر سگریٹ سلگا کر اسے آگ لگا دی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق خود سوزی کرنے والے شخص کا تعلق شام سے ہے۔ 29 سالہ پناہ گزین شہری کا کہنا ہے کہ وہ یونان میں پناہ لینے کے لیے آیا ہے مگر حکام نے اسے پناہ دینے کے بجائے بدسلوکی کا نشانہ بنایا اور واپس شام بھیجنے کی دھمکی دی جس کے ردعمل میں اس نے خود سوزی کا انتہائی خطرناک قدم اٹھایا ہے۔خود سوزی کرنے والے شہری کو بچانے کے لیے دو پولیس اہلکاروں نے بھرپور کوشش کی۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار کا ایک ہاتھ اور چہرہ بھی جھلس گیا۔ پولیس اہلکار کو بھی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔یونانی خبر رساں ادارےANA کے مطابق خود سوزی کرنے والے شخص کا 90 فی صد جسم جھلس چکا ہے۔ اسے جزیرہ خیوس کے ایک مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے مگر اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔