خبرنامہ بلوچستان

احتساب عدالت نےملزموں کو 14 روزہ ریمانڈ پرجیل بھیج دیا

کوئٹہ: (اے پی پی) احتساب عدالت میں سابق چیئرمین پبلک سروس کمیشن اشرف مگسی اور میگا کرپشن کیس سمیت تین کیسز کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے میگا کرپشن کے ملزمان کو 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔ میگا کرپشن کیس میں سہولت کار ٹھیکیدار سہیل مجید اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو قلات کے ایکسین طارق علی کو نیب نے احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر کے سامنے پیش کیا اور مزید ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے انہیں مزید 14 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا جبکہ میگا کرپشن کیس کے ملزم خالق آباد کے اکائونٹینٹ ندیم اقبال کے جیل منتقلی کی درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو 4 جولائی کو سنایا جائے گا ۔ دوسری جانب پبلک سروس کمیشن کے سابق چیرمین اشرف مگسی کو دوران تعیناتی اقربا پروری اور میرٹ کی خلاف وزری کا الزام میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔ سماعت کے دوران کیس کے گواہ نے بیان قلمبند کرایا ۔ وکیل کی درخواست پر اشرف مگسی پر فرد جرم آئندہ سماعت میں عائد کی جائے گی ۔ کیس کی سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی گئی ۔ احتساب عدالت میں سرکاری گوداموں سے گندم کی خرد برد کیس کی سماعت بھی ہوئی ۔ عدالت نے سابق صوبائی وزیر اسفند یار کاکڑ کے پیش نہ ہونے پر ملزم کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کئے جبکہ کیس میں نامزد ملزم سابق سیکرٹری خوارک علی بخش نیب عدالت میں پیش ہوا گندم خرد برد کیس کی آئندہ سماعت 18 جولائی کو ہو گی ۔