خبرنامہ بلوچستان

اقتصادی راہداری؛بلوچستان خوشحالی ہوگا:خرم

کوئٹہ:(اے پی پی)وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ گوادر میگا پروجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی معیشت پر بہتر اثرات مرتب ہونگے،روزگار کے مواقع ملیں گے،پاکستان چائنا اقتصادی راہداری منصوبے میں سب سے زیادہ رقم بجلی کی پیدوار کے منصوبوں کے لیے رکھی گئی ہیں،حکومت بلوچستان زمین فراہم کرے تو وفاقی حکومت تفتان میں وئیر ہاؤس اورکوئٹہ میں ایکسپو سینٹر تعمیر کروائے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو کوئٹہ میں پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق ،اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی ،صوبائی وزیر جعفرخان مندوخیل ،رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے ،ایران کے کونصل جنرل مجید صادقی اورکوئٹہ میں افغانستان کے قونصل جنرل وحید اللہ مہمند بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے تین سالہ دور میں سنجیدگی سے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارت کے لیے سمت کا تعین کیا افغانستان اور ایران ہمارے ہمسایہ برادر اسلامی ممالک ہیں ان کے ساتھ تجارت سمیت دیگر امور پر ہر قسم تعاون چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گوادر میگا پروجیکٹ منصوبے کے تکمیل سے نہ صرف بلوچستان میں خوشحالی آے گی بلکہ پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دوست ممالک ہیں تجارت سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں،پاک چائنا اقتصادی منصوبے میں سب سے زیادہ رقم بجلی کے منصوبوں کے لیے مختص کی ہیں اسی طرح سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف بلوچستان میں ترقی کا آغاز ہوگا 35ارب ڈالر بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پرخرچ ہوگی ،وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر حکومت بلوچستان کوئٹہ اور تفتان میں زمین فراہم کرے تو وفاقی حکومت تفتان میں وئیر ہاؤس اور کوئٹہ میں ایکسپو سینٹر بنانے کے لیے تیارہے ۔تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے ہر قسم کی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ کوئٹہ میں ایران کے کونصل جنرل مجید صادقی نے اپنے خطاب کہا کہ ہم پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں اہم کردار اد اکرینگے ۔تقریب سے سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق ،اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی ،صوبائی وزیر جعفرخان مندوخیل ،پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر کے صدر ولی محمد نورزئی ،چیمبر آف کامرس کوئٹہ کے صدر جمال ترہ کئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔