خبرنامہ بلوچستان

اقتصادی راہداری بلوچستان میں بے روزگاری میں‌کمی ہوگی:جام کمال خان

کوئٹہ: (اے پی پی)وزیرمملکت برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساڑھے 13 ارب روپے کے خصوصی فنڈ سے بلوچستان کے صنعتی شہرحب میں دو بائی پاس سڑکیں تعمیر کی جائیں گی اور بائی پاس منصوبے کے ساتھ حب ندی پر 85،85کروڑ روپے کی لاگت سے دو پل بھی تیار کئے جائیں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں بلوچستان ترقی وخوشحالی کی منزل کی جانب گامزن ہے اور ان منصوبوں کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ سفر کو محفوظ اور مسافت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ لسبیلہ کے عوام کو کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں تک آمدورفت میں آسانی کے علاوہ صنعت وحرفت کو فروغ ملے۔ جام کمال خان نے کہا کہ یہ منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری کے لئے مدد گار ثابت ہو گااور بلوچستان حکومت نے بھی اس منصوبے کے لئے 65 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے گوادر بندرگاہ خطے میں گیٹ وے کا کردار ادا کرے گا اور سی پیک کا منصوبہ بلوچستان میں بے روزگاری اورغربت کی شرح میں کمی لائیگا۔