خبرنامہ بلوچستان

اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے، اسد الرحمن

بلوچستان:(اے پی پی)مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی چوہدری اسد الرحمن نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے سے بلوچستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے، پاکستان کو اندرونی خطرات پر زیادہ توجہ دینی ہوگی،بلوچستان میں بھارتی تخریب کاری اورمداخلت کے ثبوت موجود ہیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے ملک معاشی ترقی کریگا جبکہ عوام کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، اس منصوبے سے بلوچستان کی محرومیوں کا خاتمہ ہوگا جبکہ منصوبے سے بلوچستان کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو اندرونی خطرات پر زیادہ توجہ دینا ہوگی، ہمیں ملکی ترقی کے لئے متحد ہو کر آگے بڑھنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی تخریب کاری اور مداخلت کے واضح ثبوت موجود ہیں ، پہلی مرتبہ بھارتی ملٹری آفیسر بلوچستان سے پکڑا گیا ہے،بھارتی نیٹ ورک کو توڑنے کے لئے سرتوڑ کوشش کرنی ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے ، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک زور پکڑ رہی ہے جس کی وجہ سے بھارتی وزیراعظم بے سروپا بیانات دے رہے ہیں۔