خبرنامہ بلوچستان

الیکشن اصلاحات بل کی منظوری جمہوریت پر حملہ ہے، پیپلز پارٹی

الیکشن اصلاحات بل کی منظوری جمہوریت پر حملہ ہے، پیپلز پارٹی

کوئٹہ(ملت آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے الیکشن اصلاحات بل کی منظوری سے جمہوریت پر حملہ کر کے ملکی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر علی مدد جتک کا کہنا تھا کہ ایک نا اہل شخص کو دوبارہ پارٹی صدر بنانا جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور اس پر ہم کسی بھی صورت خاموش نہیں رہ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی موجودہ حالات کا مقابلہ کرے گی اور جمہوریت کو کسی طور پر ری ڈیل نہیں ہونے دیں گے۔

علی مدد جتک کا کہنا تھا کہ حکمران اپنی با دشاہت برقرار رکھنے کے لئے خطرناک کھیل رہے ہیں جب کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے، اب بھی وقت ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایک نا اہل شخص کو پارٹی کا صدر نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جو جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی باتیں کرتے ہیں وہ کبھی بھی اس طرح اقدام نہیں اٹھاتے لیکن موجودہ حکمران ایک منصوبے کے تحت اداروں کے ساتھ ٹکراؤ کرنا چاہتے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وہ شخص جو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا اس شخص کو دوبارہ پارٹی کا صدر بنایا جا رہا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ مسائل کا حل پارلیمنٹ ہے لیکن حکومت ہمیشہ پارلیمنٹ سے باہر جاتی ہے، جمہوری روایات یہی ہے کہ جو فیصلہ ہو پارلیمنٹ کے اندر ہو، پارلیمنٹ سے باہر بیٹھ کر فیصلے کرنے کی کوشش کی گئی اور اس کے نتائج بھی دیکھ لئے بد قسمتی سے ایسے حالات پیدا کئے گئے کہ حکمران آج خود فیصلے کرتے ہوئے شراماتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے الیکشن اصلاحات بل کی منظوری جمہوریت اور پارلیمنٹ پر حملہ ہے اور نوازشریف نے خود جمہوریت پر حملہ کر کے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔