خبرنامہ بلوچستان

ایس ایچ اوکو قتل کرنے والا اہلکار پولیس فائرنگ سے جاں بحق

کوئٹہ:(اے پی پی) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ اور جوابی فائرنگ میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افرادجاں بحق ہوگئے- کوئٹہ شہر میں مغربی بائی پاس کے علاقے نیو انڈسٹریل پولیس اسٹیشن کے پولیس کانسٹیبل نے تھانے کے ایس ایچ او نور بخش مینگل پر تھانے کے اندر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او اور ان کا ایک مہمان جان کی بازی ہارگئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس کانسٹیبل نے فائرنگ کے بعد اپنے آپ کو حوالے کرنے کی بجائے تھانے کے باہر مورچہ زن ہوگیا اور وہاں سے فائرنگ کرتا رہا جس پر دوسرے پولیس اہلکاروں نے اسے گولی ماری جس کے باعث وہ جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے دیگر ذرائع نے بتایا کہ جس کانسٹیبل نے ایس ایچ او کوقتل کیا اس کو کچھ عرصہ بیشتر ایران سے متصل پنجگور کے علاقے سے کوئٹہ ٹرانسفر کیا گیا تھا۔ واقعے سے قبل پولیس کانسٹیبل اور ایس ایچ او کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان نے آئی جی پولیس کو واقعے کی تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔