خبرنامہ بلوچستان

ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی ضمانت منظور

ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کی ضمانت منظور

کوئٹہ(ملت آن لائن)کوئٹہ میں ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت کے کیس میں رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجیداچکزئی کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی۔ کوئٹہ میں ٹریفک سارجنٹ عطاء اللہ کی رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی سے ٹکر میں ہلاکت کے کیس میں ملزم کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائرکی گئی تھی جس پر فیصلہ سناتے ہوئے کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے عبدالمجید اچکزئی کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے عبدالمجید اچکزئی کو 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانےکا بھی حکم دیا جس کے بعد ان کی رہائی کی راہ ہموار ہوجائے گی، عبدالمجید اچکزئی کے کیس کی پیروی سینیئر وکیل کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ کررہے ہیں۔ ٹریفک سارجنٹ ہلاکت کیس: عبدالمجید اچکزئی پر فرد جرم عائد خیال رہے کہ عبدالمجید اچکزئی کیخلاف گاڑی کے چیسزمیں ٹیمپرنگ کے کیس میں ضمانت پہلے ہی منظورکی جاچکی ہے جبکہ کوئٹہ میں ایک شہری کے قتل کے کیس میں وہ ایڈہاک ضمانت پر ہیں۔ دوسر ی جانب شہری کےاغواء کے کیس میں عدالت عبدالمجید اچکزئی کو پہلے ہی بری کرچکی ہے۔ یاد رہے کہ عبدالمجید اچکزئی کی گاڑی سے ٹکر کے نتیجے میں ٹریفک سارجنٹ کی ہلاکت کا واقعہ جون 2017 میں پیش آیاتھا۔ ابتداء میں پولیس نے معاملہ دبانے کی کوشش کی تھی اور تفتیش کے بجائے پرچہ نامعلوم افراد کے خلاف کاٹ دیا تھا، لیکن چیف جسٹس پاکستان کے از خود نوٹس لینے پر ایم پی اے عبدالمجید اچکزئی کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔