خبرنامہ بلوچستان

بار اور بینچ کے باہمی تعاون سے ہی عوام کو انصاف مل سکتاہے۔بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل

ژوب(آئی این پی) بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بار اور بینچ کے باہمی تعاون سے ہی عوام کو انصاف مل سکتاہے۔انصاف کی فراہمی امن اور معاشرتی ترقی کا زینہ ہے۔وکلاء عدالت کو مقدمات کے درست فیصلے پر پہنچنے کیلئے قانونی راہنمائی فراہم کریں۔ مقدمات کی تفتیش اورفیصلے غیرجانبدارانہ ،عوامی مسائل اور انصاف کے تقاضوں کومدنظررکھتے ہوئے کیے جائیں۔ تاکہ عوام کو بروقت انصاف مل سکے۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے دورہ سیشن کورٹ کے موقع پر ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے اعزازمیں دی جانے والی پارٹی کے موقع پر وکلاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سینئروکیل ایڈوکیٹ ملک زمان مندوخیل اور دیگروکلاء نے جسٹس جمال مندوخیل کا بارپہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر سیشن جج داؤدخان ،سینئر سول جج رحیم دادخان خلجی،جوڈیشل مجسٹریٹ یحییٰ آصف،قاضی طارق نواز،قاضی شوری ٰ سیدسلطان شاہ،اسسٹنٹ کمشنرجمیل رند، تحصیلدار سید محمد مندو خیل اور وکلاء بھی ان کے ہمراہ تھے۔