خبرنامہ بلوچستان

برفباری ختم، راستے کھل گئے

لاہور: (ملت+اے پی پی) پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ تو تھم گیا لیکن پہاڑوں پر سفیدی کی چادر ابھی قائم ہے۔ اکثر مقامات پر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔ سکردو سرد ترین مقام رہا جہاں پارہ منفی بارہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ہر چیز منجمد ہو گئی۔ برفباری رکتے ہی بند راستے کھل گئے۔ ژوب، مسلم باغ اور چمن کی شاہراہیں ٹریفک کیلئے بحال ہو گئیں۔ کوئٹہ، خضدار، قلعہ عبداللہ میں چھتیں گرنے سے بچے سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم، لیپہ، راولاکوٹ اور باغ کے بیشتر علاقوں میں برفباری کے باعث بجلی، ٹیلی فون اور موبائل سروس کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔ لاہور میں پارہ چار ڈگری تک گر گیا۔ ٹھٹھرتی سردی جاری ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں صبح دھند پڑے گی۔